ہنگامی اجلاس

اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی کابینہ کا ہنگامی اجلاس راجہمحمد شکیل عباسی صدر اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں گذشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ معزز جج صاحبان جناب جسٹس محسن اختر کیانی صاحب، جسٹس طارق محمود جہانگیری صاحب،  جسٹس بابر ستار صاحب،  جسٹس سردار اعجاز اسحاق صاحب، جسٹس ارباب محمد طاہر صاحب اور جسٹس ثمن رفعت صاحبہ کی جانب سے عدلیہ کی آزادی و خودمختاری کے منافی اقدامات اور مداخلت کے حوالے سےسپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط پہ گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اس سے قبل بھی سابقجج اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس شوکت عزیز صدیقی  صاحب نےاس حوالے سے اپنے موقف کا اظہار کیا تھا۔ اسلام آباد بار ایسوسی ایشن  عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری کو آئین کا بنیادی وصف سمجھتے ہوئے اس بات پہ مکمل یقین رکھتی ہے کہ نظامِ عدل و انصاف پہ عوام الناس کا اعتماد عدلیہ کی آزادی اور خود مختاری سے وابستہ ہے اور اس کے منافی کوئی بھی قدم جس سے عدلیہ کی آزادی پہ حرف آئے نظام عدل و انصاف اور معاشرے کیلئے شدید نقصان دہ ہے۔اسلام آباد بار ایسوسی ایشن آئین و قانون کی عملداری، عدلیہ کی آزادی اور خودمختاری کے اصولوں کے ساتھ کھڑی ہے۔اور یہ مطالبہ کرتی ہے کہ  آزاد اور خودمختار عدلیہ کے آئینی اصول کی پاسداری کرتے ہوئے  ججز کے پیشہ وارانہ امور کی آزادانہ ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئین کے مطابق بنیادی حقوق کا تحفظ اور انصاف کی بلاتفریق  فراہمی ممکن ہو سکے۔

 

حسن جاوید شورش، ایڈووکیٹ ہائی کورٹ

جنرل سیکرٹری، اسلام آباد بار ایسوسی ایشن